دعاِ والہانہ
بسم الله الرحمٰن الرحيم
الحمد لله وكفىٰ وسلام علىٰ عباده الذين اصطفىٰ
امابعد!
قرآن و حدیث میں دعا مانگنے کی بڑی تاکید اور ترغیب آئی ہے اور اس کا بہت ثواب بتایا گیا ہے خود سرکار دوعالم صلیّ اللہ علیہ وسلم
نے ایسی ایسی جامع دعائیں مانگی ہیں جو ہمارے خیال و تصور سے بھی بالا ہیں، لیکن وہ دعائیں عربی زبان میں ہیں جس کی وجہ سے عام مسلمان ان کو مانگنے سے محروم ہیں ، پھر ہر مسلمان کم علمی کی وجہ سے خود زیادہ دعائیں مانگ بھی نہیں سکتا، چند دعاؤں کے بعدسوچنے لگتا ہے کہ اب اور کیا مانگوں؟ اس لئے ضرورت محسوس ہوئی اور بعض احباب نے فرمائش بھی کی کہ اردو زبان میں دعامانگنے کا طریقہ اور کچھ مسون دعائیں لکھدی جائیں تاکہ ہر مسلمان اللہ جل شانہ سے ان کو اپنے اور اپنے متعلقین کے لئے مانگ سکے۔
اللہ جل شانہ نے حضرت والد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو بہت ہی والہانہ دعا مانگنے کا سلیقہ عطافرمایا تھا، آ اکثر مسنون دعائیں اردو میں مانگا کرتے تھے، احقر نے ان کو “دعائے عرفات ” نامی کتابچہ میں جمع کیاہے، وہاں سے ضروری دعائیں لے لی ہیں اور دعامانگنے کا طریقہ اور کچھ آداب لکھ دیئے ہیں،
عمرہ پر جانے والے زائرین کے لئے بھی یہ رسالہ بہت مفید ہے ،وہ اگر اس کو اپنے ساتھ رکھیں اور سفر کے دوران بھی اور حرمین شریفین میں بھی جہاں جہاں دعائیں قبول ہوتی ہیں ان کو ماگ لیں تو بہت ہی اچھا ہے، اللہ تعالیٰ توفیق دیں، آمین،
بندہ کی دعاہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتابچہ کو اور اس کی دعاؤ کو ہمارے اور سب مسلمانوں کے حق میں قبول فرمائیں، ہماری مغفرت فرمائیں اور خاتمہ خالص اور کامل ایمان پر فرمائیں۔ آمین
وصلّی اللہ علیٰ النبی الکریم محمّدوآلہ وصحبہ أجمعين